میں کہاں پر ہوں؟
ہوائے صبح میں
یا شام کے پہلے ستارے میں
جھجھکتی بونداباندی میں
کہ بے حد تیز بارش میں
رو پہلی چاندنی میں
یا کہ پھر تپتی دوپہروں میں
بہت گہرے خیالوں میں
کہ بے حد سر سری دھن میں
تمہاری زندگی میں
میں کہاں پر ہوں؟
ہجوم کار سے گھبرا کے
ساحل کے کنارے پر
کسی ویک اینڈ کا وقفہ
کہ سگرٹ کے تسلسل میں
تمہاری انگلیوں کے بیچ
کوئی بے ارادہ ریشمیں فرصت؟
کہ جام سرخ سے
یکسر تہی
اور پھر سے
بھر جانے کا خوش آداب لہجہ
کہ اک خواب محبت ٹوٹنے
اور دوسرا آغاز ہونے کے
کہیں مابین اک بے نام لمحے کی فراغت؟
تمہاری زندگی میں
میں کہاں پر ہوں؟
پروین شاکّر
تمہاری زندگی میں
Reviewed by Zintovlogs
on
September 19, 2019
Rating:
No comments: