مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے۔۔۔۔
میری ناف کے پہلو میں
میری کوکھ بھی موجود ہے
جہاں تمھارے جیسی،
کئی کائناتوں کی
تَجسیم کی گنجائش رکھ دی گئی ہے۔۔۔۔
اور اُس سے ذرا اوپر مرا دل ہے۔۔۔۔!!
جہاں عمر بھر کی محبتوں کا
اتنا زیادہ بَہِی کھَاتا لکھا جاتا ہے
کہ اب یہاں
عبادت گاہوں سے ذیادہ تقدس گونجتا ہے۔۔۔
اور یہیں کہیں قریب سے ہی
تمھاری پہلی غذا کی دھارائیں نکلتی ہیں۔۔۔
اور اُس دل سے اوپر
میری زبان ہے جہاں
'الف' کے بے نقاط
اور 'ب' کے تمام نقاط کے
ذائقے دے دیے گئے ہیں۔۔۔
اور اِس دہن سے اوپر میری آنکھ ہے
جو چشم آہو کے علاوہ
گمان و یقین کو
اپنی روشنی کی لگام سے باندھنا جا نتی ہے۔۔۔
اور ان آنکھوں سے اوپر ایک دماغ ہے
جس کے اعصابی ریشوں کے درمیان
شعور سے لاشعور تک کے
سارے توازن رکھے گئے ہیں۔۔۔۔
مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے
شائد اسی لئے میرے قدموں کے نیچے
جنتیں رکھ دی گئی ہیں
مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے
Reviewed by Zintovlogs
on
September 17, 2019
Rating:
No comments: